پونے، 25/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سینئر صحافی دلیپ پڈگاؤنکر کا جمعہ کی صبح پونے کے ایک پرائیوٹ اسپتا ل میں انتقال ہو گیا، وہ ایک مقبول مصنف اور ٹائمز آف انڈیااخبار کے سابق ایڈیٹر تھے۔72سالہ پڈگاؤنکر کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد 18/نومبر کو روبی اسپتا ل میں داخل کرایاگیاتھا۔ بعد میں ان کے گردے نے کام کرنا بند کر دیا تھا،اس کی وجہ سے ان کے کئی دوسرے اعضاء نے بھی کام کرنابندکر دیاتھا۔انہیں ڈائلسیس پر رکھا گیا تھا۔پڈگاؤنکر کی پیدائش پونے میں ہوئی تھی، ان کی تعلیم سینٹ ونسنٹ ہائی اسکول اور فگریوسن کالج میں ہوئی تھی، انہوں نے فرانس کے پیرس سربون یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔وہ1978میں یونیسکو سے وابستہ ہوئے اور بعد میں پیرس میں مختلف انفارمیشن شعبوں میں اپنی خدمات دیں۔ وہ ہندوستان آنے اور ٹائمز آف انڈیاکا ایڈیٹر بننے سے پہلے پیرس میں اسی اخبار کے نامہ نگار تھے